لاک ڈاؤن کرونا وائرس پر قابو پانے کا واحد حل ہے، بلاول بھٹو زرداری

لاہو:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاک ڈاؤن کو کرونا وائرس پر قابو پانے کا واحد حل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مکمل لاک ڈاؤن کی جانب ہر صورت میں جانا ہوگا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں ہر دن اور ہر گھنٹے کی تاخیر وبائی آفت سے مقابلے کو مشکل بنارہی ہے، ہم لاک ڈاؤن کرنے میں پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں، لاک ڈاؤن پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جلد از جلد بحران میں کمی کے لئے لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ لینا ہوگا،کوئی صوبہ تنِ تنہا کرونا وائرس کے بحران کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ہمیں لاک ڈاؤن کو قابل عمل بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہیے،ہمیں لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہم اچھے کیلئے پرامید ہیں، وہیں بدترین کیلئے بھی تیار ہیں، اگر بدترین صورتحال پیش آئی تو ہمارا صحت کا نظام اتنی استطاعت نہیں رکھتا، ہمیں دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے، مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ہم کیا کریں گے، یہ مسئلہ یہ ہے کہ ہم کب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت لاک ڈاؤن کیلئے تیار نہیں ہوجاتی، عوام اپنے گھروں پر رہیں، شہری خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لئے گھروں پر رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں