ہوٹل شادی ہال اور مارکیٹیں کرونا پھیلا رہے ہیں اسد عمر

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کورونا پھیلا کا باعث نہیں بن رہے جب کہ سب سے زیادہ ریسٹورینٹس، شادی ہالز اور بڑی مارکیٹیں کورونا پھیلا کا باعث بن رہے ہیں۔ایک انٹرویومیں اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی ہر روز کورونا کی صورتحال پر نظر رکھتی ہے، ستمبر میں کورونا کی شرح 1.7 سے 1.8 فیصد تھی جس میں بتدریج اضافہ ہوا اور 72 دنوں میں کورونا کی شرح 3 فیصد سے زیادہ ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم نے احتیاط نہ کی تو کورونا صورتحال خراب ہوسکتی ہے، کوشش ہے کورونا کا پھیلا بڑھنے سے پہلے اقدامات کرلیے جائیں، ہماری اسمارٹ لاک ڈان کی حکمت عملی کامیاب رہی تھی، این سی او سی کی کورونا صورتحال پر نظر ہے، اگر مزید سخت اقدامات کرنا پڑے تو کریں گے۔ ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں اضافے کی صورت میں مزید سخت اقدمات کیے جاسکتے ہیں۔ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے اجلاس بلایا گیا جس میں تمام صوبوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21688 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 807 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 11 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 800 سے تجاوز کر چکی ہے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 59 لاکھ 21 ہزار 794 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 11 لاکھ 93 ہزار 912 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 14 لاکھ 75 ہزار 598 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 83 ہزار 446 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 کروڑ 32 لاکھ 52 ہزار 284 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 35 ہزار 159 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 93 لاکھ 16 ہزار 297 ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں