آئندہ چند دنوں میں پیپلزپارٹی میں بڑی شخصیات شامل ہوں گی،علی مدد جتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پی پی پی ملک میں حقیقی جمہوریت اور آئینی کی بالادستی کے لئے جدوجہد کررہی ہے، پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والے آج خود بحرانوں کے شکار ہیں، آئندہ چند دنوں میں پیپلزپارٹی میں بڑی شخصیات شامل ہوں گی، ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی ملک کے لئے قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کامیابی حاصل کرے گی، اگر سلیکٹڈ حکمرانوں نے گلگت بلتستان میں دھاندلی کی کوشش کی تو نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر علی مدد جتک نے کہا کہ ہمیں پاکستان عزیز ہے، آئین کی بالادستی کے لئے پی پی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور کرتی رہے گی مگر جس طرح ملک پر نااہل حکمرانوں کو مسلط کیا گیاہے انہوں نے ملک کو بحرانوں کو طرف دھکیل دیا ہے۔ آج کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام 2وقت روٹی کو عاجز آچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت کے عوام کے ساتھ ہے کسی کو وو ٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کے ووٹوں کا تحفظ کریں گے۔ اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔ کورونا کے نام پر فنڈز آیا ان میں بڑے پیمانے پر خورد برد ہوئی ہے وفاقی حکومت ورزاء کی کرپشن چھپانے کے لئے دوسروں پر الزامات لگائے جارہے ہیں۔ ملک میں اس وقت مہنگائی کا راج ہے مگر پھر بھی نااہل وزیراعظم ڈھٹائی سے کہہ رہا ہے کہ ملک میں مہنگائی نہیں ہے بلکہ یہ اپوزیشن جماعتوں کا پروپیگنڈہ ہے۔ لوگ اب نااہل وزیراعظم اور حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں