اپوزیشن کا جلسہ عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کے مترادف ہے،منظور کاکڑ
کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی گھمبیر صورتحال میں اپوزیشن کا جلسہ عوام کے زندگیوں سے کھلواڑ کے مترادف ہے،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین اسٹیج پر کھڑے ہوکر صرف اپنی ناکامیاں چھپانے اور کرپشن بچانے کیلئے واویلا کررہے ہیں،بلوچستان عوامی پارٹی وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کوترقی کی راہ پرگامزن کررہی ہے،ماضی میں بلوچستان سے اقتدار کا حصہ رہنے والوں نے صوبے کو پسماندگی دی اور اپنی جبیں بھریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صوبے کے مختلف علاقوں کے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹرمنظوراحمدکاکڑ نے کہاکہ کورونا وائرس کے دوسرے لہر کے گھمبیر صورتحال میں پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ عوام کے ساتھ ظلم وزیادتی کے مترادف ہے،ہم جلسے جلوس کے خلاف نہیں تاہم عام عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے،اپوزیشن جماعتیں اسٹیج پر بیٹھ کر ایس او پیز کا خیال رکھتے ہیں جبکہ کارکنان ایس او پیز کا پاس رکھتے نظر نہیں آرہے،وزیراعظم عمران خان کا بلوچستان کا دورہ خوش آئند ہے ماضی میں بلوچستان کے لوگ وفاق کا حصہ رہنے کے باوجود بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کرسکتے تاہم موجودہ حکومت میں بلوچستان ترقی کی راہ پرگامزن اور دیرینہ مسائل حل کئے جائینگے،وفاق اور صوبے مل کر بلوچستان میں ترقی کاجال بچھائیں گے نہ صرف ترقیاتی منصوبے ہوں گے بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کوروزگار میسر ہوگا،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبے کو درست سمت پر گامزن کرررہے ہیں،آج شور وشرابے کرنے والے سے اتنا کہتاہوں کہ انہیں بھی اقتدار ملا تھا انہوں نے جیب بھرنے اور لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا،آج بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی ذمہ داری ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے لوٹ مچائی،عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آئیں بلکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سختی سے احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ملکی سالمیت اداروں سے منسلک ہے تاہم اداروں کو چوک اور چوراہوں پر بدنام کرنے والے وطن عزیز کے دشمنوں کو خوش کرنے کیلئے مذموم حرکتیں کررہے ہیں،عوام باشعور ہوچکی اور انہیں تعلیم،ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اسٹیج پر کھڑے ہوکر صرف اپنی ناکامیاں چھپانے اور کرپشن بچانے کیلئے واویلا کررہے ہیں۔


