لاہور: سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن پر دہشت گردی کا حملہ ناکام

پاکستان کی انسداد دہشت گردی پولیس کے مطابق لاہور میں اس کے ایک تھانے پر دہشت گردانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کی پولیس کی جوابی فائرنگ میں ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔
پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی پولیس (سی ٹی ڈی) نے منگل کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ لاہور کے برکی روڈ پر واقع ایک پولیس اسٹیشن میں ایک مشتبہ شخص داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ تھانے کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے اسے روکنے پر اس نے فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں یہ مشتبہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے لیس جیکٹ پہن رکھی تھی۔ پولیس کی جانب سے اس بارودی جیکٹ کی تصاویر جاری کی گئی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کی جیب سے دو گرینیڈ بم اور ایک پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کی جانب سے مزید تفصیلات عام نہیں کی گئیں تاہم علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق مبینہ حملہ آور کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے اور اس کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں