اسلام آباد، لانگ مارچ سے قبل جمعیت بلوچستان کا مظاہروں کا اعلان
کوئٹہ:جمعیت علما اسلام کے صوبائی ترجمان دلاور خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل ملک بھر میں سیاسی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے ریلیوں اور مظاہروں کا اعلان کیا ہے، جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم جماعتیں 21دسمبر کو بروز پیر کوئٹہ، 2جنوری بروز ہفتہ خضدار اور 13جنوری کو لورالائی ژوب میں احتجاجی ریلیاں نکالیں گی اور مظاہرے کریں گی جس سے جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع اور دیگر رہنما خطاب کریں گے جبکہ مذکورہ شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے مظاہروں میں جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکن بھر شرکت کریں۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی مشاورت سے مشترکہ پروگرام ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علما اسلام ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جنہوں نے ہمیشہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ نالائق حکومت سے مذکرات نہیں کریں گے اور موجودہ حکومت کو اب گھر جانا ہوگا، پنجاب کی عوام نے فیصلہ دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ موجودہ حکمران سلیکٹڈ اور نااہل ہیں اور ملک کو درپیش تمام بحرانوں کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں۔ پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی اس کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔


