آرمی چیف جنرل باجوہ سے زلمے خلیل زاد کی ملاقات،افغان عمل پر بات چیت

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال، افغان امن عمل پر غور کیا گیا جبکہ آرمی چیف نے کہاکہ افغانستان میں امن واستحکام کیلئے ریزالیوٹ مشن کا کردار قابل تحسین ہے، پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے یہاں ملاقات کی جس میں افغانستان کیلئے کمانڈررویزالیوٹ سپورٹ مشن جنرل آسٹن اسکاٹ ملر بھی موجود تھے۔ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل سے متعلق خصوصی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس دوران افغانستان میں امن واستحکام میں ریزالیوٹ سپورٹ مشن کے کردارکی تعریف کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی میں اپنا مثبت کردارادا کرتا رہے گا۔ ملاقات میں زلمے خلیل زاد اور جنرل ملر نے خطے میں قیام امن کے باہمی مقاصدکے حوالے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں