فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کورونا وائرس سے متاثر
فراسیسی صدر ایمانوئیل میکرون میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کی تشخیص ہوگئی۔
امریکی خبر رساں ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق صدارتی محل سے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ ‘فرانسیسی صدر نے پہلی علامت ظاہر ہوتے ہی ٹیسٹ کروالیا تھا’۔
تاہم تفصیلی بیان میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ فرانسیسی صدر کس قسم کی علامات کا سامنا کررہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ اپنے آپ کو 7 روز تک آئیسولیٹ کرلیں گے تاہم اس دوران وہ دور رہ کر اپنا کام اور دیگر سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے پہلے رہنما نہیں اس سے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم رواں برس 27 مارچ کو اس وبا کا شکار بنے جس کے محض ایک ہفتے بعد ہی ان کی حالت خراب بگڑ گئی اور ان میں کورونا وائرس کی علامات شدید و خطرناک ہوگئی تھیں۔
حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا تھا جہاں ابتدائی 8 گھنٹے تک ان کی حالت انتہائی تشویش ناک رہی تھی۔
تقریبا 3 دن تک آئی سی یو میں گزارنے کے بعد 10 اپریل کو انہیں انتہائی نگہداشت والے وارڈ سے باہر نکال کر عام وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا اور دور بعد انہیں ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دی گئی، وائرس کی تشخیص کے تقریباً ایک ماہ بعد برطانوی وزیراعظم نے دوبارہ اپنے دفتر میں سرکاری ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔


