ایک نظام تعلیم وقت کی اشد ضرورت ہے، شفقت محمود
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی کمزوریوں کی طرف نظر ڈالنی ہے تاکہ دشمن کو موقع نہ ملے،دہشت گردی کیساتھ ساتھ بیانیے کی جنگ بھی جیتنی ہے، پاک فوج خراج تحسین کی مستحق ہے، تعلیم کے مختلف نظام کی وجہ سے ہم بکھرے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام ہم پاکستانی کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکھا ہے کہ دشمنوں کو مواقع نہیں فراہم کرنے چاہیے کہ ہمارا نقصان ہو۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بیانیے کی جنگ بھی جیتنی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے مختلف نظام کی وجہ سے ہم بکھرے ہوئے ہیں۔ہم نے تین قسم کے نظام تعلیم میں آنکھ کھو لی وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیم مختلف ہے تو ہم دنیا کو مختلف زاویوں سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچ، نظریے اور بیانہ کی طاقت پاکستان کوروشن کر دے گی، ان کا کہنا تھا کہ پیغام پاکستان ہمارے دلوں پر اثر انداز بھی ہوتا ہے اور جھنجوڑتا بھی ہے۔اس موقع پر ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے اپنے خطاب میں اتحاد امت اور تشدد کی بیخ کنی سمیت معاشرے میں امن کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ سیمینار سے صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے معاشرے میں امن میں اسلامی یونیورسٹی کے کردار پر گفتگو کی اور اس عزم کو دوہرایا کہ جامعہ دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ میں پیش پیش رہے گی۔


