عدالت کا ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کے ڈی اے افسران کی تنخواہیں روکنے کا حکم
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) میں عدالتی حکم کے بغیر تقرر و تبادلے روکنے کے احکامات جاری کر دیے۔کے ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔
سندھ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ اگر 31 دسمبر تک ریٹائڑد ملازمین کے واجبات نہ ادا کیے تو کے ڈی اے کے اعلیٰ افسراں کی تنخواہیں روک دیں گے اور یکم جنوری سے عدالتی حکم کے بغیر کے ڈی اے میں کوئی تبادلے اور تقرریاں بھی نہیں ہوں گی۔
اس قبل عدالت نے عدم ادائیگی کی صورت میں کے ڈی اے کے تمام ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا حکم دیا تھا جس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈی جی کے ڈی اے کی درخواست پر حکم نامے میں ترمیم کی گئی ہے۔
عدالت نے یکم جنوری سے ہائیکورٹ کے آفیشل اسائنی کو کے ڈی اے کے سیلری اکاوئنٹس تحویل میں لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے ڈی اے کے ان اکاوئنٹس میں تنخواہوں سمیت جو بھی رقم کو ہو اس سے ریٹائڑد ملازمین کو ادائیگی کی جائے گی اور ریٹائڑد ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے اثاثے بھی فروخت ہوں گے۔


