وزیراعظم نے سانحہ مچھ کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے مطالبات کو بلیک میلنگ اور غیر آئینی قرار دیا
تمبو:وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران سانحہ مچھ کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے مطالبات کو غیر آئینی قرار دیا اور شہدا کی تدفین کو وزیراعظم کی آمد سے مشروط کرنے کو بھی نامناسب قرار دیا جس پر انہیں اپوزیشن رہنماں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے اس بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی نصیرآباد کے ڈویثرنل صدر میر بلال خان عمرانی نے کہا کہ سانحہ مچھ کے متاثرین پر بلیک میلنگ کا الزام شرمناک ہے۔ قوم نہ صرف سلیکٹڈ بلکہ بے رحم،سنگدل اور نالائق وزیر اعظم کے رحم و کرم پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سانحہ مچ کے متاثرین کی توہین بند کریں۔ عمران خان منتخب وزیراعظم ہوتے تو دوسرے دن غمزدہ خاندانوں کے پاس جاتے سانحہ مچ کے متاثرین کسی بے رحم اور خود غرض شخص سے انصاف کی امید نہ رکھیں۔ اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کے سانحہ مچھ کے متاثرین سے متعلق بیان کی مذمت کی اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ہزارہ برادری پر بلیک میلنگ کا الزام شرمناک ہے۔ عمران خان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ واقعی کٹھ پتلی ہیں۔ عوام کے ووٹوں سے آنے والے وزیراعظم مظلوموں کے زخموں پر ایسے نمک نہیں چھڑکتے۔


