پاکستان کو سیاستدانوں نے نہیں لوٹا، سینیٹر پرویز رشید

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیاستدانوں نے نہیں لوٹا ہے بلکہ عمران خان کی حماقتوں کے نتیجے میں پاکستان کے اربوں روپے گنوا دیئے گئے،پی ٹی آئی والے اپنے لیڈر عمران خان کو سمجھائیں اور کہیں کہ حقائق کی دنیا میں واپس آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کیا۔ سینیٹر پرویزرشید نے کہاکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کارویہ درست نہیں ہے، وہ اپنے لیڈر عمران خان کو سمجھائیں اور کہیں کہ حقائق کی دنیا میں واپس آئیں، عمران خان جھوٹے الزامات لگاتے رہے ہیں، براڈ شیٹ میں پول کھل گیا ہے، اربوں روپے پاکستانی قوم کے باہر چلے گئے اور لوٹ لئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ جس کام کیلئے براڈ شیٹ کو ہائیر کیا گیا تھا اس میں براڈ شیٹ اور نیب ناکام ہوئے اور ثابت ہو گیا کہ پاکستان کو سیاستدانوں نے نہیں لوٹا ہے، عمران خان کی حماقتوں کے نتیجے میں پاکستان کے اربوں روپے گنوا دیئے گئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک اس وقت شدید مشکل حالات سے دو چار ہے حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پہ پہنچا دیا ہے مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہو چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں