ریکوڈک پراجیکٹ کی بحالی، سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے معیشت کو تقویت ملے گی، اسحاق ڈار

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ریکوڈک پراجیکٹ کی اعلی ترین کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ریکوڈک انتظامات کی تکمیل کے لیے طے شدہ اقدامات پر عملدرآمد ہونے میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ نے متفقہ انتظامات کے تحت بقیہ اقدامات کی جلد تکمیل کی اہمیت کو اجاگر کیا اور تمام متعلقہ افرادپر زور دیا کہ وہ حتمی مقررہ تاریخ یعنی 15 دسمبر 2022 تک اقدامات کی کا میا بی سے تکمیل کو یقینی بنائیں اور تصفیہ کے بعد جلد از جلد پراجیکٹ کو بحال کیا جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے سے دائر ریفرنس پر سپریم کورٹ کی ایڈوائس موصول ہونے کے بعد ضروری قانون سازی کے اقدامات کیے جائیں گے جس کے لیے متعلقہ صوبے مکمل طور پر تیار ہیں۔ صوبائی حکومتوں نے بھی ضابطے کی تمام متعلقہ رسمی کارروائیو ں کو مقررہ تاریخ کے اندر مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے شرکاءکا خیال تھا کہ طے شدہ انتظامات کی ڈیڈ لائن تک کامیاب تکمیل سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ ریکوڈک پراجیکٹ کی بحالی سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے معیشت کو تقویت ملے گی اور ملک میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون سردار ایاز صادق، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائےمحصولات طارق محمود پاشا، ڈی جی (ایم آئی) میجر جنرل ریٹائرڈ افتخار حسین چوہدری، ڈائریکٹر ایم آئی) بریگیڈیئر کے علاوہ عاطف رفیق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اسلم کے علاوہ اٹارنی جنرل کے دفتر، حکومت بلوچستان، پٹرولیم ڈویڑن اور فنانس ڈویڑن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں