میزان چوک، پرانا گوشت مارکیٹ میں کاسی قبیلے کے دھرنے پر پولیس کا دھاوا، جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی
کوئٹہ(یو این اے )کوئٹہ کے میزان چوک پرانے گوشت مارکیٹ کے قریب کاسی قبیلے کے دھرنے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دھرنے کے شرکا کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا، جس کے نتیجے میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔مظاہرین نے احتجاج کے طور پر باچا خان چوک پر ٹائر جلا کر سڑک کو بند کر دیا، جس سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے تھانے لے جایا گیا، جس سے ان کے احتجاج میں مزید شدت آئی۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ پولیس کی کارروائی کی مذمت کی جائے اور زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جائے۔ دوسری جانب، پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے تشدد کا سامنا کیا گیا جس کے بعد کارروائی کی گئی فی الحال حالات کشیدہ ہیں اور علاقے میں مزید پولیس نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی اضافی کشیدگی سے بچا جا سکے۔