یو ٹیوبر رجب بٹ پر تشدد کیخلاف مقدمہ درج، وکلاء پر بیگ سے پیسے نکالنے کا الزام

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کی سیشنز کورٹ میں مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں زیر سماعت مقدمے کے دوران یوٹیوبر رجب بٹ پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واقعے کی درج ایف آئی آر کے مطابق، رجب بٹ پیر کو سیشنز کورٹ سینٹرل میں پیش ہوئے، جہاں ان کی عبوری ضمانت کی مدت 20 دسمبر کو ختم ہوئی تھی۔ سماعت کے بعد 15 سے 20 وکلا نے ان پر حملہ کیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کا بیگ چھین لیا گیا، جس میں تین لاکھ روپے موجود تھے۔ مقدمے کے متن کے مطابق، بعد میں ایک وکیل نے بیگ واپس دلایا، لیکن رقم موجود نہیں تھی۔ رجب بٹ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق نے سوشل میڈیا پر بیان دیا کہ کراچی سٹی کورٹ کے احاطے میں وکلا کی جانب سے حملہ غیر پیشہ ورانہ طرز عمل ہے اور اس سے وکلا کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے اور اگر یہ رویہ جاری رہا تو وکلا کے احترام پر منفی اثر پڑے گا۔ واقعے کی ویڈیو میں رجب بٹ کو پھٹی ہوئی قمیض میں ہجوم کے درمیان چلتے اور وکلا کے ایک گروپ کو ساتھ چلتے دیکھا گیا، جو ”کراچی بار زندہ باد“ کے نعرے لگا رہے تھے۔ ویڈیو میں کراچی میں درج مقدمے کے مدعی ریاض سولنگی نے دعویٰ کیا کہ رجب بٹ نے وکلا کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے، جبکہ ایک اور شخص نے کہا کہ یہ سلوک وکلا کے خلاف زبان استعمال کرنے اور بدتمیزی کے نتیجے میں ہوا۔ اس موقع پر ٹک ٹاکر ندیم مبارک المعروف نانی والا بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ رجب بٹ اور ندیم مبارک مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور دونوں 10 دسمبر کو لندن سے پاکستان واپس آئے تھے، جہاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے اہل خانہ کی درخواست پر 10 روزہ حفاظتی ضمانت دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے