ہم بگٹی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں براہ مہربانی جنگ کو ختم کیا جائے، نوابزادہ زامران بگٹی
کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف بگٹی میر سرفراز احمد بگٹی نے اپنے خاندان ،بگٹی قبائل ، سردار صاحبان سمیت سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جو انہوں نے میرے ناتواں کندھوں پر جو بھاری ذمہ داری ڈالی ہے اور میں اس دستار کو بہت اہمیت دیتا ہوں اور پوری کوشش کروں گا کہ بگٹی قبائل کے اعتماد پر پورا اتر سکوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف آف بگٹی قبائل کی دستار بندی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ، نواب میر عالی خان بگٹی کے بھائی نوابزادہ زامران سلیم اکبر خان بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف سرفراز بگٹی کے چچا کو میرے والد نے پگ باندھی تھی ان کے کزن میں نے پگ باندھی میرے بڑے بھائی کو ان کے والد محترم نے پگ باندھی تھی جو اس وقت چیف نہیں تھے میں اس وقت بحیثیت شہید نواب اکبر بگٹی کے پوتا اور مرحوم نوابزادہ سلیم اکبر بگٹی کے بیٹے اور نواب میر عالی خان بگٹی کے چھوٹے بھائی کی حیثیت سے اپنا فرض پورا کررہا ہوں۔ اور بگٹی قوم کے چیف کی دستار انہیں باندھی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم میر سرفراز بگٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ہم بھی کوشش کریں گے یہ بھی کوشش کریں گے کہ بگٹی قوم کے مسئلے مسائل حل ہوں گے۔ نوابزادہ براہمدغ بگٹی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم بگٹی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں ایسا کوئی گھر نہیں جہاں پر کوئی بیوہ یا یتیم نہیں ہے براہ مہربانی جنگ کو ختم کیا جائے اور واپس آکر آئین پاکستان کو مان کر قوم کی خدمت کریں۔ مذاکرات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ ان کے پاس جائیں کیونکہ اب وہ بگٹی قوم کے چیف ہے۔


