صدام غریب اور محنت کش نوجوان ہے، کسی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، حکام بحفاظت بازیاب کرائیں، لواحقین

تربت (رپورٹ: زاہد حسین) لاپتا شہری صدام ولد محراب سکنہ ہوشاپ کی جبری گمشدگی کے خلاف لواحقین نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ لواحقین کے مطابق صدام کو 22 جولائی کو ضلع کیچ کے علاقے جوسک میں ایک گیراج سے نامعلوم افراد نے حراست میں لے کر لاپتا کیا، جس کے بعد سے اس کا کوئی اتا پتا نہیں مل سکا۔ پریس کانفرنس کے دوران لواحقین نے بتایا کہ صدام ایک غریب اور محنت کش نوجوان ہے جو مزدوری کرکے اپنے خاندان کا سہارا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدام کا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں اور اسے بلاجواز اور جبری طور پر لاپتا کیا گیا ہے، جو آئین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ لواحقین نے کہا کہ اگر صدام پر کسی قسم کا کوئی الزام ہے تو اسے فوری طور پر عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی ہوسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کے واقعات کا سلسلہ بند کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکام، انسانی حقوق کے اداروں اور عدلیہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور صدام ولد محراب کی فوری اور بحفاظت بازیابی کو یقینی بنائیں۔ لواحقین نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے