بنگلادیش کو بھی ویسا ہی سبق سکھانا چاہیے جیسا ہم نے آپریشن سندور میں پاکستان کو سکھایا تھا، بی جے پی رہنما

کولکتہ (آئی این پی) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سوویندو ادھیکاری نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلا دیش کو ویسا ہی سبق سکھانے کی ضرورت ہے جیسا اسرائیل نے غزہ کو سکھایا۔ بی جے پی رہنما نے یہ بیان کولکتہ میں بنگلا دیشی ڈپٹی ہائی کمیشن کے باہر ایک احتجاج کے دوران دیا۔ سوویندو ادھیکاری کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بنگلادیش میں ہندو اقلیت کے مفادات کا تحفظ کرے۔بی جے پی رہنما نے مزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کو بھی ویسا ہی ‘سبق’ سکھانا چاہیے جیسا ہم نے آپریشن سندورمیں پاکستان کو سکھایا تھا۔ ریاستی حکمران جماعت ترنمول کانگریس نے اس بیان کو خطرناک، غیر ذمہ دارانہ اور نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے الفاظ خطے میں مزید کشیدگی پیدا کرسکتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سوویندو ادھیکاری کے بیان سے بھارت اور بنگلا دیش کے تعلقات میں عوامی سطح پر بحث میں شدت آگئی ہے۔ اپوزیشن نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حساس علاقائی معاملات کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں