کوئٹہ، دن کے اجالے میں شہریوں کو اغوا کر لینا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، جے یوآئی

کوئٹہ (این این آئی ) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے کوئٹہ ائیرپورٹ روڈ پر دن دہاڑے معروف تاجر حاجی صلاح الدین کےکمسن بیٹے محمد جعفر کے اغوا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ صوبائی دارالحکومت میں امن و امان کی ابتر صورتحال کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ دن کے اجالے میں شہریوں کو اغوا کر لینا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ترجمان نے کہا کہ تاحال مغوی کا سراغ نہ ملنا اہلِ خانہ اور شہریوں کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔ جمعیت علماء اسلام مطالبہ کرتی ہے کہ کوئٹہ پولیس اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے مغوی بچے کو فوری اور بحفاظت بازیاب کرائے اور اغوا میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے آئی جی بلوچستان اور ایس ایس پی کوئٹہ سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، مو¿ثر کارروائی کو یقینی بنائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں۔ ترجمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ اس مشکل گھڑی میں مغوی کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور بچے کی جلد بازیابی کے لیے دعاگو ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں