اسٹریٹ موومنٹ کا مقصد عوام کو ان کے آئینی، جمہوری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے متحرک کرنا ہے، پی ٹی آئی بلوچستان

کوئٹہ (یو این اے) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داﺅد شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری جہانگیر رند اور صوبائی سینئر نائب صدر سید صادق آغا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے تحت صوبے بھر میں اسٹریٹ موومنٹ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کا مقصد عوام کو ان کے آئینی، جمہوری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے متحرک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے بدانتظامی، مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہیں، جن کے حل کیلئے منظم عوامی جدوجہد ناگزیر ہو چکی ہے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ اس اسٹریٹ موومنٹ کے تحت ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کارکنان اور عوامی نمائندوں کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی آواز کو منظم اور موثر انداز میں ایوانوں تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد پرامن، آئینی اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے جاری رہے گی، اور کسی بھی غیر جمہوری یا غیر آئینی اقدام کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ بیان میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے تحریک انصاف بلوچستان کی اسٹریٹ موومنٹ کا حصہ بننے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی حمایت سے کارکنان کے حوصلے مزید بلند ہوں گے اور صوبوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ رہنماﺅں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل میں مماثلت پائی جاتی ہے اور مشترکہ جدوجہد ہی ملک میں حقیقی تبدیلی کا راستہ ہموار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور یہی طاقت ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام، نوجوانوں، خواتین اور محنت کش طبقے سے اپیل کی کہ وہ اس اسٹریٹ موومنٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کے قیام کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں