آئندہ دو سے تین سال تک کام کرنے کا موقع ملا تو بلوچستان کی صورتحال میں واضح بہتری نظر آئے گی، سرفراز بگٹی
کوئٹہ(یو این اے ) وزیر اعلی بلوچستان چیف آف بگٹی قبائل میر سرفراز بگٹی نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی سربراہی ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور موجودہ حالات میں بیک وقت قبائلی عہدہ اور حکومتی ذمہ داری نبھانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فیملی، قبیلے اور تمام قبائلی عمائدین نے انہیں اہل سمجھتے ہوئے یہ ذمہ داری سونپی ہے، جسے وہ امانت سمجھ کر ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے قبائل کی موجودہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری صرف سرداروں پر نہیں ڈالی جا سکتی بلکہ ریاست کا بھی اس میں ایک اہم کردار ہوتا ہے۔ اگر قبائل اور ریاست کے درمیان مضبوط تعلق اور ربط قائم ہوگا تو مسائل حل ہوتے نظر آئیں گے، ورنہ یہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے قبائل کے آپسی مسائل تو حل کیے جا سکتے ہیں، مگر وہ قبائل جن میں سینکڑوں لوگ قتل ہو چکے ہوں اور جو ریاست کے ساتھ یا ریاست کے خلاف کھڑے ہوں، انہیں ایک جگہ بٹھانا ایک انتہائی مشکل مرحلہ ہے، تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں۔چیف آف بگٹی قبائل نے کہا کہ ان کے لیے دوسرا بڑا چیلنج لڑکیوں کی تعلیم ہے اور اگر بلوچستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتحال بہتر ہو جاتی ہے تو وہ اسے اپنی سب سے بڑی کامیابی سمجھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیکڑ میں جو ترقی نظر آتی ہے، اس کے پیچھے ایک پروگریسو مائنڈ سیٹ کارفرما ہے، کیونکہ جب لوگوں سے تعلق مضبوط ہوتا ہے تو ان کی ترقی اور بہتری کے لیے کام بھی کیا جاتا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ پورے بلوچستان میں ترجیحی بنیادوں پر تین اہم شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، جن میں سب سے پہلے انفراسٹرکچر، اس کے بعد صحت اور پھر تعلیم شامل ہیں، اور حکومت بھی انہی شعبوں پر فوکس کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سب سے بڑھ کر اہم مسئلہ روزگار ہے، کیونکہ حکومت سب کو نوکریاں نہیں دے سکتی، لیکن کم از کم ایسا ماحول اور مواقع ضرور فراہم کیے جا سکتے ہیں جس سے لوگوں کو باعزت روزگار میسر آئے۔انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ دو سے تین سال تک انہیں کام کرنے کا موقع ملا تو بلوچستان کی صورتحال میں واضح بہتری نظر آئے گی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہر عوامی نمائندے کو چاہیئے کہ وہ پورے بلوچستان اور کم از کم اپنے علاقے کی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ دے، یہی اصل خدمت ہے۔


