امریکہ اور وینزویلا کے درمیان کشیدہ صورتحال باعث تشویش ہے، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، پاکستان
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وینزویلا کی صورت حال پر پاکستان کا مو¿قف سامنے آگیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے وینزویلا کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکا کی جانب سے وینزویلا میں کی گئی فوجی کارروائی میں صدر نکولاس مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیا ہے۔ اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ طاہرحسین اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان وینزویلا کے عوام کی فلاح وبہبود کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان وینزویلا میں بدلتی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتا ہے اور بحران و کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام فریقین پر تحمل اورکشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اوربین الاقوامی قانون کی پاسداری ناگزیر ہے۔ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان وینزویلا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، وینزویلا میں مقیم پاکستانی برادری کے افراد کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔


