کیچ کو بدامنی کی طرف دھکیلنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، عوام کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر مالک

تربت (بیورو رپورٹ) کیچ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور اغوا برائے تاوان کے واقعات کیخلاف آل پارٹیز کیچ،انجمن تاجران،ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور سول سوسائٹی کے تنظیموں کی مشترکہ ریلی اور احتجاج۔ احتجاجی جلسہ سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کیچ میں امن وامان کے واقعات تشویشناک ہیں، اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ہمارے اغوا شدہ بچوں حسیب حاجی یاسین،اور شاہ نواز گل جان کو باحفاظت بازیاب کرائیں، کیچ میں بڑھتی ہوئی اغوا برائے تاوان کے واقعات تشویشناک ہیں۔ایک مرتبہ پھر کیچ کو بدامنی کی طرف دھکیلنے کی سازشیں کی جارہی ہیں مگر کیچ عوام ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک مہینے سے متاثرہ خاندانوں اور ہم نے مل کر تمام اداروں کے دروازے کھٹکھٹائے ہیں مگر ہر ادارہ دوسرے کو مورد الزام ٹھہراتا ہے،عوام کی تحفظ ریاست اور ان کے اداروں کی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں