کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، بھارت پاکستان سے براہ راست جنگ نہیں جیت سکتا لہٰذا پراکسی وار کا سہارا لے رہا ہے، مصطفی کمال
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مئی میں افواج پاکستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست فاش کھانے کے بعد بھارت کو یہ یقین ہوگیا ہے کہ وہ کھلی جنگ کے ذریعے پاکستان کو شکست نہیں دے سکتا، لہٰذا عالمی رسوائی کا شکار بلبلاتا بھارت برسوں کا آزمودہ وہی پرانا نسخہ استعمال کررہا ہے جو اس نے اپنے ایجنٹ الطاف حسین کے ذریعے کراچی کو تباہ کرنے کے لیے اپنایا۔ قوم کو سمجھنا ہوگا کہ پاکستان اس وقت بھی بھارت اور اسکی پراکسی کے خلاف حالت جنگ میں ہے، بھارت کو شکست دینے کے لیے پوری قوم کو تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر مئی2 کی طرح ایک بار پھر افواج پاکستان اور پاکستان کی سیکورٹی پر مامور اداروں کیساتھ کھڑا ہونا ہے۔ الحمدللہ پاکستان کے اعلیٰ ترین حساس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتہائی کاوش نے پاکستان کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا ہے۔ انہوں نے سینکڑوں معصوم انسانوں کی جانیں اپنی جانوں پہ کھیل کر بچائیں ہیں۔ پاکستان کے اعلیٰ ترین حساس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ڈھیروں شاباش اور دعائیں۔


