ڈیرہ مراد جمالی میں جعفر ایکسپریس پر فائرنگ، نوتال میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ، سروس معطل

ڈیرہ مراد جمالی ( این این آئی) منگولی کے قریب نا معلوم مسلح افراد کی جعفر ایکسپریس پر فائرنگ مسافر محفوظ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے مسلح افراد فرار ہوگئے ٹرین کو سخت سکیورٹی میں جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر پہنچا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق منگولی پولیس تھانے کی حدود ملوک لاڑو اور کجلالاڑو کے درمیانی ایریا میں نا معلوم مسلح افراد نے جعفر ایکسپریس پر اچانک فائرنگ شروع کردی جبکہ اس دوران سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد نامعلوم مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جسکے بعد ٹرین کو سخت سیکورٹی میں جیکب آباد پہنچادیا گیا واقعہ کے بعد پولیس اورسیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر ے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

دوسری جانب نصیرآباد کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑدیا جس کے بعد ٹرین سروس معطل ہوگئی۔ پولیس کے مطابق بدھ کو نصیرآباد کے علاقے نوتال پولیس تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا جس سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔پولیس نے بتایا کہ دھماکے سے کچھ دیر بعد مسافر ٹرین کو گزرناتھا جو حادثے سے بال با ل بچ گئی ۔دھماکے کے بعد سندھ اورخیبر پختونخوا سے آنے والی ٹرینوں کو جیکب آباد اور ڈیرہ مراد جمالی ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیاگیا۔ ریلوے کے عملے نے موقع پر پہنچ کرریلوے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیا جسکے بعد ٹرینوں کی آمدورفت بحال کی جائے گی۔ پولیس اورسیکورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں