وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پرکل کوئٹہ آئیں گے
کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آج کوئٹہ آئیں گے،دورے کے دوران وزیر اعظم کو صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ دومنصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف جمعرات کی صبح گیارہ بجے ایک روزہ دورے پر پہنچیں گے۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل ،وزیر اعلی سرفراز بگٹی اور صوبائی وزرا ائیر پورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کریں گے وفاقی وزرا بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔دورہ کوئٹہ کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کو صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی ،وزیر اعظم محکمہ مواصلات کے دو ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
دوسری جانب گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ بات ہم سب کیلئے باعث فخر و مسرت ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف صوبہ بھر کے غریب بچوں کو معیاری تعلیم، بورڈنگ اور لاجنگ فراہم کرنے کیلئے بلوچستان میں پانچ دانش اسکولوں کا کل باضابطہ افتتاح کریں گے جن میں ضلع ژوب کا دانش اسکول بھی شامل ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے یہ سرکاری فنڈز سے چلنے والے دانش اسکولز صوبہ بلوچستان کے عوام کیلئے نئے تعلیمی مواقع کھولیں گے جن سے وہ معیاری تعلیم تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور اپنے اپنے علاقے کی تعلیمی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاس کوئٹہ میں پروجیکٹ ڈائریکٹر دانش اسکولز ڈاکٹر ارون داس کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران شیخ عمیر خان، اسفندیار کاکڑ، اور نوید قمبرانی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جن ڈسٹرکٹس میں سردست دانش اسکولز قائم کیے جا رہے ہیں ان میں ڈسٹرکٹ ژوب ، موسی خیل، بیکڑ ڈیرہ بگٹی ، سبی اور قلعہ سیف اللہ شامل ہیں ۔ گورنر مندوخیل نے پروجیکٹ ڈائریکٹر دانش اسکولز اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ وہ پانچ دانش اسکولز کو مقررہ وقت پر ہی پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ابھی سے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ اقدام ژوب کو جدید تعلیم کے مرکز میں تبدیل کرنے کے ان کے دیرینہ خواب کی تکمیل کا اہم اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش اسکول کے قیام سے ژوب اور گردونواح کے ابھرتے ہوئے نوجوانوں کو جدید علم و ہنر سے آراستہ کیا جائیگا اور وہ کامیاب زندگی گزارنے کیلئے بااختیار ہوں گے۔ گورنر مندوخیل نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ان کے پارلیمانی کیریئر کا آغاز وزارت تعلیم سے ہوا اور آج الحمدللہ بحثیت گورنر بلوچستان انہوں نے صوبہ میں ہائیر ایجوکیشن کے شعبے میں قابلِ فخر کامیابیاں حاصل کیں ہیں جس سے طلبا اور طالبات مستقبل میں بھی ان کی تعلیمی خدمات سے مستفید ہوتے رہیں گے۔


