کراچی ٹو کوئٹہ شاہراہ پر کام جاری، دو سال میں مکمل کریں گے، وزیر مواصلات


ویب ڈیسک: وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کراچی، کوئٹہ چمن کی813کلومیٹر طویل پاکستان ایکسپریس وے این 25کو 2 سال میں مکمل کرے گاجس کے لئے ابتدائی طور پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔
اس امر کا اظہار انہوں نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اسلام آباد میں اْن سے ملاقات کی۔ گورنر بلوچستان اور وفاقی وزیر مواصلات کے مابین باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور اْن کی” اپ گریڈیشن” این ایچ اے کی اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی امور کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھارٹی صوبہ بلوچستان میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں تعمیر ہونے والی این 25 پاکستان ایکسپریس وے عالمی معیار کی حامل ہوگی اور اس کی بہترین انداز میں تعمیر کو یقینی بنائیں گے۔ جعفر خان مندوخیل نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو این ایچ اے سے متعلقہ مختلف امور سے آگاہ کیا جس پر انہیں ان امور کے جلد حل کا یقین دلایا گیا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو کوئٹہ کے دورے کی بھی دعوت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں