پنجگور میں دو ماہ کے دوران درجنوں افراد کی لاشیں برآمد، حکومت امن قائم کرکے عوام کو تحفظ دے، بی این پی عوامی
پنجگور (نامہ نگار) بی این پی عوامی پنجگور کے ضلعی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پنجگور میں حالیہ حالات نہایت تشویشناک رخ اختیار کر چکے ہیں۔ گزشتہ دو مہینوں کے دوران مختلف مقامات سے درجنوں افراد کی لاشوں کی برآمدگی نے پورے ضلع کو خوف کی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایک طرف انسانی جانوں کے ضیاع کا یہ سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب ایران سے ملحقہ سرحدی تجارت کی بندش نے مقامی معیشت کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ختم ہو چکی ہیں اور سینکڑوں خاندان شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ضلعی ترجمان بی این پی عوامی نے کہا کہ پنجگور کے عوام اس وقت کربناک صورتحال سے گزر رہے ہیں جبکہ نیشنل پارٹی صوبائی حکومت کا حصہ ہے اور اقتدار کے ایوانوں میں اس کی شراکت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ نیشنل پارٹی کا ایم پی اے جو ہر رات وزیراعلیٰ کے دربار اور محفلوں میں درباری بن کر بیٹھتا ہے، پنجگور کو اس تباہ کن صورتحال تک پہنچانے میں مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔ ترجمان کے مطابق اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر ذاتی مفادات کے تحفظ کو ترجیح دی گئی جبکہ پنجگور کے عوام کے جان و مال اور روزگار کا سودا کیا گیا۔ نتیجتاً آج پنجگور بدامنی، معاشی بحران اور شدید بے یقینی کا شکار ہو چکا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تمام حالات دراصل 2024 کے جنرل الیکشن کے نتائج کے ثمرات ہیں جنہیں آج اہلیانِ پنجگور بھگتنے پر مجبور ہیں۔ عوام کو بارہا خبردار کیا گیا تھا کہ ایسے عناصر کو آگے نہ لایا جائے جو نہ تو لوگوں کے روزگار کے تحفظ کی صلاحیت رکھتے ہیں اور نہ ہی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کردار ادا کر سکتے ہیں بلکہ جو خود انہی مسائل کو بڑھانے میں شریک ہوں۔ مگر افسوس کہ ایسے ہی لوگوں کو مسلط کیا گیا اور آج اس کے سنگین نتائج پورا ضلع برداشت کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ماضی میں پنجگور سرحدی تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک متحرک خطہ تھا۔ ایران کے ساتھ تجارت سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر تھے اور بازاروں میں زندگی کی رونق دکھائی دیتی تھی۔ مگر آج صورتحال بالکل مختلف ہے۔ نوجوان بے روزگاری سے پریشان ہیں، کاروبار بند ہیں اور آئے روز المناک واقعات نے عوام کو شدید ذہنی دباو¿ میں مبتلا کر دیا ہے۔ آخر میں ضلعی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ پنجگور میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے حالیہ واقعات کی شفاف تحقیقات کرنے اور سرحدی تجارت کو فوری طور پر بحال کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور علاقے میں معمولاتِ زندگی دوبارہ بحال ہو سکیں۔


