ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات، قومی پیغام امن کمیٹی کا منبرو محراب سے آئینی برابری کا پیغام ملک گیر سطح پر پھیلانے کا اعلان

راولپنڈی (پ ر) فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے قومی پیغام امن کمیٹی نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کالعدم ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے تناظرمیں داخلی سلامتی پر جامع گفتگو ہوئی اور مشترکہ موقف مزید مضبوط ہوا جبکہ ملاقات میں کشمیر اور غزہ پر اصولی موقف کی توثیق کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے امور میں یکسوئی، بیانیے پراتفاق رائے وقت کی ضرورت ہے اور مظلوموں کی حمایت پاکستان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ملاقات میں قومی بیانیے کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاکستان افواج سے غیرمتزلزل یکجہتی اور ریاست دشمن بیانیوں کےخلاف مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔ قومی پیغام امن کمیٹی نے فتنہ الخوارج اورافغان طالبان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کا کوئی جوازنہیں۔ قومی پیغام امن کمیٹی نے منبر ومحراب سے اتحادِ امت، سماجی ہم آہنگی، آئینی برابری کا پیغام ملک گیر سطح پر پھیلانے کا اعلان کیا جبکہ نفرت انگیزی، فرقہ واریت اور تکفیری بیانیے کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر بھی اتفاق کیا۔ قومی پیغام امن کمیٹی نے ریاستی بیانیے کی ترویج کیلئے مساجد، مدارس اور جامعات میں آگاہی نشستیں بڑھانے کی تجویز دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں