2026 کے طاقت ور ترین پاسپورٹس میں سنگاپور پہلے جبکہ پاکستان کا پاسپورٹ نیچے سے چوتھے نمبر پر
سی این این کے مطابق سال 2026 کے لیے ’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ کی تازہ ترین رپورٹ نے عالمی سفر اور سفارتی طاقت کے نئے پیمانے متعارف کروا دیے ہیں جہاں ایشیائی ممالک کی حکمرانی برقرار ہے جبکہ مغربی طاقتیں اپنی ساکھ بچانے کی تگ و دو میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ کے مطابق دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سنگاپور کا ہے جس کے شہری دنیا کے 227 میں سے 192 مقامات پر بغیر پیشگی ویزا کے جا سکتے ہیں۔اس فہرست میں دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر براجمان ہیں جنہیں 188 ممالک تک رسائی حاصل ہے۔یورپی ممالک بھی اس دوڑ میں پیچھے نہیں ہیں۔ فہرست میں تیسرے نمبر پر ڈنمارک، لکسمبرگ، سپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ موجود ہیں جن کے پاسپورٹ پر 186 ممالک کے دروازے کھلے ہیں۔
چوتھی پوزیشن بھی مکمل طور پر یورپی ممالک کے قبضے میں ہے جہاں آسٹریا، جرمنی، فرانس اور اٹلی جیسے 10 ممالک 185 کے سکور کے ساتھ موجود ہیں۔
تاہم رواں برس سب سے زیادہ توجہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے حاصل کی ہے۔انڈیکس کی 20 سالہ تاریخ میں یو اے ای نے سب سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے جس نے سنہ 2006 سے اب تک اپنے ویزا فری ممالک میں 149 کا اضافہ کیا اور مجموعی رینکنگ میں 57 درجے اوپر آ کر پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ کامیابی یو اے ای کی مسلسل سفارتی کوششوں اور ویزا پالیسیوں میں نرمی کا نتیجہ ہے۔دوسری جانب برطانیہ اور امریکہ کے لیے یہ سال خوش آئند ثابت نہیں ہوا۔برطانیہ اس وقت ساتویں نمبر پر ہے اور گزشتہ ایک برس کے دوران اس نے آٹھ ممالک تک ویزا فری رسائی کھو دی ہے۔


