فوج و انتظامیہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہیں، کورکمانڈر

ویب ڈیسک:پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق بلوچستان کے علاقے بسیمہ میں کور کمانڈر کوئٹہ نے مقامی افراد سے ملاقات کی، جس میں تاجر، اساتذہ، معززین علاقہ اور نوجوانوں سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے مقامی اسٹیک ہولڈرز شامل تھے۔بسیمہ کی مقامی آبادی نے عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے پر کور کمانڈر کوئٹہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس ملاقات کو مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دیا۔ شرکائکا کہنا تھا کہ اس طرح کے روابط سے عوام اور اداروں کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔اس موقع پر کور کمانڈر کوئٹہ نے کہا کہ پاک فوج سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے، جن کا مقصد مقامی آبادی کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور معیارِ زندگی کو بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔کور کمانڈر نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنا کر انہیں سبوتاڑ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ایما پر کام کرنے والے دہشت گرد عوام کو بہتر زندگی سے محروم اور علاقے کے امن کو عدم استحکام کا شکار بنانا چاہتے ہیں۔پی ٹی وی کے مطابق کور کمانڈر کوئٹہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج مقامی آبادی کے تعاون سے بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں