صوبائی حکومت زراعت کے شعبے کو فعال بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، سیکریٹری زراعت
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت زراعت کے شعبے کع فعال بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی ہدایت پر زمینداروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، محکمہ زراعت حکومت بلوچستان نے "پشین فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ” کو مکمل فعال بنانے کا فیصلہ کیاہے، 24 جنوری کو مسجد و دیگر سہولیات کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پشین فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ سے متعلق منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں مارکیٹ کو مکمل طور پر فعال بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی نے کہا کہ مارکیٹ سے منسلک کاروباری حضرات کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے ایک جامع اور مؤثر منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی سلسلے میں 24 جنوری کو پشین فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ میں مسجد و دیگر سہولیات کے سنگِ بنیاد کی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں منتخب رکن اسمبلی، ضلعی انتظامیہ پشین، یونین کے نمائندگان اور علاقے کے معززین کو مدعو کیا جائے گا۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ پشین فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ کے مکمل فعال ہونے سے نہ صرف علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ زراعت سے وابستہ کسانوں کو بھی بہتر مارکیٹ رسائی، مناسب قیمتوں اور دیگر سہولیات کی بدولت نمایاں فوائد حاصل ہوں گے، جس سے مجموعی طور پر علاقے کی معاشی ترقی ممکن ہو سکے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مارکیٹ سے متعلق تمام ضروری امور اور آگاہی کے لیے مارکیٹ کمیٹی پشین کے ذریعے اخبارات میں باقاعدہ اشتہارات شائع کیے جائیں گے تاکہ تمام متعلقہ افراد بروقت معلومات حاصل کر سکیں۔ قبل ازیں اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن مسعود بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشین نجم کاکڑ، ڈائریکٹر اکنامک اینڈ مارکیٹنگ عبدالخالق جوگیزئی، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی پشین شاہ زمان کاکڑ، ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی پشین منظور احمد، چیئرمین یونین رمضان خان، یونین ممبران عبدالرحمٰن اور عبیداللہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔


