بلوچستان کی پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور سماجی خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا، اسحاق ڈار

کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منگل کو یہاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل بھی شریک تھے ملاقات کے دوران وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود کے جاری و مجوزہ منصوبوں، ترقیاتی ترجیحات اور وفاق و صوبے کے درمیان مثر رابطہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی، سماجی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی ناگزیر ہے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں خواتین اور نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ، سماجی ترقی اور انسانی وسائل کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی مجموعی ترقی کا کلیدی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے اور صوبے کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے منصوبوں کا فوری، شفاف اور مثر نفاذ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پارلیمنٹ، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان کی پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور سماجی خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان ان کے دل کے قریب ہے اور صوبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے وفد نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مثر کارروائیوں، قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی اور صوبائی جمہوری اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا شرکا نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی، تدبر اور جمہوری اقدار کے مطابق چلانے پر اسپیکر قومی اسمبلی کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مضبوط پارلیمانی نظام ہی وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد کے فروغ کا ضامن ہے ملاقات میں وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے، مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں