کوہ سلیمان ڈویژن میں اسپتال، کالج اور ڈیم تعمیر کریں گے، گوادر پہلا ضلع بن گیا جہاں تمام سرکاری اسکول فعال ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوہ سلیمان کے پہاڑ یہاں کے غیرت مند قبائل کی تاریخ اور مسکن ہے کوہ سلیمان ڈویژن کا قیام یہاں کی پسماندگی کے خاتمے اور گڈ گورننس کی جانب اہم قدم ہے، کوہ سلیمان صرف ایک ڈویژن کے قیام کے نام تک محدود نہیں بلکہ یہاں تمام سہولیات بھی فراہم کریں گے، اگر ڈویژن بنایا ہے تو اسکی ذمہ داری بھی اٹھائینگے، انہوں نے کہا کہ یہاں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر بنانے کا مقصد اس خطے کی ترقی ہے، مجھے خوشی ہے کہ رکھنی جو کہ یونین کونسل ہے آج ڈویژنل ہیڈ کوارٹر بننے جارہا ہے، انہوں نے نئے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال کے قیام، ریزیڈنشل کالج، نہاڑکور ڈیم کی تکمیل، رکھنی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے، رکھنی ماڈل بازار پر آج سے ہی کام کا آغاز، رکھنی پریس کلب کے قیام، ہاﺅسنگ اسکیم اور رکھنی کو میونسپل کمیٹی ڈیرہ کھیتران کا نام دینے کا اعلان کیا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں غیر فعال سرکاری اسکولوں کی بحالی میں نمایاں پیش رفت جاری ہے، بلوچستان کا ضلع گوادر پہلا ضلع بن گیا جہاں تمام سرکاری اسکول فعال ہیں۔ بہت جلد پورے بلوچستان میں کوئی اسکول بند نہیں رہے گا اور نہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم ہوگا


