اسلام آباد بم دھماکہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی ہے، دہشتگردی کے ناسور کو جلد ختم کریںگے، علی مدد جتک

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی قرار دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے اس افسوسناک واقعے میں معصوم انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی قابلِ مذمت اور ناقابلِ برداشت ہے۔ صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ دہشتگردی ملک و قوم کے خلاف ایک سنگین سازش ہے، مگر قوم کے عزم اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث دہشتگردی کے ناسور کو جلد پاک سرزمین سے ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ حاجی علی مدد جتک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہماری بہادر افواج اور سکیورٹی ادارے دہشتگردی میں ملوث عناصر کو جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور ملک میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں وہ اور پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحتیابی نصیب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ملک کے امن کو خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے