سعودی عرب گوادر میں 10 ارب ڈالر کی لاگت سے آئل ریفائنری لگانے کا خوہاں ہے، وزارت پیٹرولیم

گوادر (یو این اے) وزارتِ پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی اسٹوریج بڑھانے اور معیشت کو استحکام دینے کے لیے گوادر میں ایک بڑی آئل ریفائنری کے قیام پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جس میں سعودی عرب کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ اس عظیم الشان منصوبے کے تحت سعودی عرب کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی ‘آرامکو’ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ریفائنری لگائے گی، جس میں 60 فیصد سرمایہ کاری سعودی عرب جبکہ بقیہ 40 فیصد پی ایس او (PSO)، او جی ڈی سی ایل (OGDCL)، پی پی ایل (PPL) اور جی ایچ پی ایل (GHPL) جیسی پاکستانی کمپنیاں کریں گی۔مجوزہ آئل ریفائنری کی یومیہ پیداواری صلاحیت 4 لاکھ بیرل تک ہونے کا امکان ہے، جو ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بڑے منصوبے کو کامیاب بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے درآمدی مشینری پر 20 سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی اسٹوریج کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ گوادر اور پورے ملک میں روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں