گوادر میں تعلیمی نظام جان بوجھ کر کمزور کیا جارہا ہے، عارضی 52 اساتذہ کو فارغ کرنا تعلیم دشمن فیصلہ ہے، ارشد کلمتی
گوادر (بیورو رپورٹ) سربراہ میر کاروان ارشد کلمتی نے کہا ہے کہ گوادر کے تعلیمی نظام کو جان بوجھ کر کمزور کیا جا رہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے عارضی 52 اساتذہ کو فارغ کرنا تعلیم دشمن فیصلہ ہے۔ فیصلے سے گوادر کے بچوں کا مستقبل داﺅ پر لگا دیا گیا، بغیر متبادل کے اساتذہ کو نکالنا موجودہ انتظامیہ کی نااہلی ہے، برسوں سے پڑھانے والے اساتذہ کے ساتھ ظلم کیا گیا، موجودہ انتظامیہ خود کچھ نہیں کرسکتی سابقہ ادوار میں طفیل بلوچ اور انیس طارق گورگیج کی محنت اور علم سے دوستی کے لگن کو برباد کیا جارہا ہے۔ پروجیکٹ فنڈ سے تنخواہ لینے والوں کو کیوں نکالا گیا؟ دھرنے والے اور صوبائی سرکار بتائے کیا یہی ہے تعلیم دوست پالیسی؟ صرف ٹیچرز کو فارغ نہیں کیا جارہا ہے بلکہ بچوں سے تعلیم کا حق چھینا جا رہا ہے، اساتذہ کو فارغ کرکے دیہی علاقوں میں تعلیمی نظام تباہ کیا جا رہا ہے، اساتذہ کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اپنا فیصلہ واپس لے اور فوری طور پر اساتذہ کو بحال کیا جائے۔


