وندر میں مسافر کوچ اور ٹوڈی گاڑی کے درمیان تصادم، کار ڈرائیور اور بارہ سالہ بچی جاں بحق، 4 افراد زخمی
سونمیانی وندر (نمائندہ انتخاب) وندر، خونی شاہراہ نے 2 اور قیمتی انسانی جانیں لے لی۔ کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بردار کوچ اور اوتھل سے کراچی جانے والی ٹوڈی کار کے درمیان خوفناک تصادم، ٹوڈی کار ڈرائیور اور بارہ سالہ بچی موقع پر جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ضلع لسبیلہ اوتھل سے بتایا جاتا ہے جنہیں فوری طور پر آر ایچ سی اسپتال اور مرگ ریسکیو سینٹر منتقل کیا گیا جہاں شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج و معالجہ کے لیے کراچی ریفر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز کوئٹہ کراچی مین قومی شاہراہ N-25 پر وندر کے قریب آدم کھنڈ کے مقام پر کراچی سے کوئٹہ جانے والی تیز رفتار مسافر بردار کوچ اور اوتھل سے کراچی جانے والی ٹوڈی کار کے مابین ہولناک تصادم کے نتیجے میں ٹوڈی کار کا ڈرائیور وقار یونس ولد محمد ہاشم خان ساکن اوتھل بتایا جاتا ہے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ کار میں سوار بارہ سالہ مناہل بنت غلام مصطفیٰ شدید زخمی ہوگئی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ حادثے میں کار میں سوار (ر زوجہ غلام مصطفیٰ ، م بنت غلام مصطفیٰ ، غفران ولد غلام مصطفیٰ اور محسن ولد عبدالواحد) زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی وندر پولیس اور مرگ ریسکیو سینٹر 1122 وندر کی میڈیکل ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق و زخمیوں کو آر ایچ سی اور مرگ ریسکیو سینٹر منتقل کرنے کے بعد شدید زخمیوں کو کراچی ریفر کر دیا گیا۔ بعد ازاں وندر پولیس نے ضابطے کی ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق افراد کی نعشیں ورثا کے حوالے کر دیں


