مہنگائی کے دور میں اجتماعی شادیاں سفید پوش طبقے کےلیے امید کی کرن ہیں، کاشف حیدری
کوئٹہ : مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے سید الشہداء ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ہزارہ ٹاون کے نجی ہال میں پانچویں اجتماعی شادی کے موقع پر منتظمین اور 21 جوڑوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور کی کمر توڑ مہنگائی اور نامساعد معاشی حالات کے باعث شادی ایک عام آدمی کے لیے مشکل ترین بلکہ بعض اوقات ناممکن بنتی جا رہی ہے، ایسے کٹھن وقت میں اجتماعی شادی جیسے اقدامات معاشرے کے لیے امید کی حقیقی کِرن ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سادہ اور باوقار اجتماعی شادیوں کے فروغ سے نہ صرف غیر ضروری اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ نوجوان نسل کو بروقت رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ کاشف حیدری کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بیجا رسومات اور دکھاوے کی روایت نے والدین پر ناقابلِ برداشت بوجھ ڈال دیا ہے جس کے خاتمے کے لیے اجتماعی شادیوں کی روایت کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مستحق خاندانوں کی دستگیری کے لیے آگے بڑھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں، جبکہ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان ہمیشہ ایسے سماجی اور فلاحی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی جو عوام کو ریلیف پہنچانے اور معاشرے میں آسانیاں پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں۔


