اسرائیلی وزیراعظم ٹرمپ سے ملاقات کیلئے امریکا روانہ، ایران سے مذاکرات والے آپشن پر زور دوں گا، نیتن یاہو
ویب ڈیسک : اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کے لیے امریکا روانہ ہوگئے جہاں دو بڑوں کی بڑی بیٹھک ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر ہو گی۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو کل صبح 11 بجے (امریکی وقت) وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے بعد نہ کوئی مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی اور نہ ہی علیحدہ علیحدہ میڈیا کے سامنے بیانات کا سلسلہ ہوگا۔البتہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے واشنگٹن روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ ٹرمپ کو ایران مذاکرات پر اپنا اصولی مؤقف پیش کریں گے۔جو ان کے بقول نہ صرف اسرائیل بلکہ پوری دنیا کے لیے امن اور سلامتی کے لیے اہم ہے اور خطے میں استحکام کا باعث ہوگا۔اسرائیل ہمیشہ سے مطالبہ کرتا آیا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور خطے میں پراکسی وار کی کو بھی شامل کیا جائے۔


