مکران میں ایرانی تیل کی قلت پیدا ہوگئی، قیمت میں 30 روپے فی لیٹر تک اضافہ، ٹرانسپورٹ کرائے بڑھنے کا اندیشہ

پسنی (نامہ نگار) ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی، مکران میں ایرانی تیل کی قلت پیدا ہوگئی، قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر تک اضافہ۔ سرحدی علاقوں میں ایرانی تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث مکران کے مختلف شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی محدود ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ایرانی تیل کی فی لیٹر قیمت میں 20 سے 30 روپے تک اضافہ ہوچکا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ مکران سمیت بلوچستان کے کئی سرحدی علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ ایرانی تیل استعمال کرتے ہیں، جو مقامی مارکیٹ میں نسبتاً سستا دستیاب ہوتا ہے۔ تاہم حالیہ علاقائی کشیدگی کے باعث سپلائی چین بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف تیل کی قلت پیدا ہوئی بلکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گا، جس کا براہ راست بوجھ عام شہریوں پر پڑے گا۔ ماہرین کے مطابق اگر سرحدی ترسیل جلد بحال نہ ہوئی تو اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان کی قلت کے ساتھ قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متبادل ذرائع سے تیل کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے