امریکہ اور اسرائیل دنیا کے امن کے دشمن بن چکے ہیں، ٹرمپ کا نام نہاد ”بورڈ آف پیس“ درحقیقت ”بورڈ آف وار“ ثابت ہوا، مولانا واسع

کوئٹہ (این این آئی) امیر جمعیت علما اسلام بلوچستان و سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل دنیا کے امن کے دشمن بن چکے ہیں اور ان کی درندگی عالمی سطح پر بدامنی اور خونریزی کی بدترین مثال ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کا باہم مل کر ایران پر حملہ کرنا کھلی دہشت گردی اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، جس کے ذریعے پورے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر امریکہ نے مذاکرات کو دھوکے کے طور پر استعمال کیا۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام نہاد ”بورڈ آف پیس“ درحقیقت ”بورڈ آف وار“ ثابت ہوا، جس کے پردے میں مشرق وسطیٰ کو بدامنی اور تباہی کی طرف دھکیلا گیا۔ امریکہ اور اسرائیل اپنے توسیع پسندانہ اور شیطانی عزائم کی تکمیل کے لیے پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پچیس برسوں کے دوران امریکی سرپرستی میں کئی مستحکم مسلم ممالک کو جارحیت کا نشانہ بنا کر وہاں خانہ جنگی، انتشار اور فساد کو فروغ دیا گیا۔ مسلم حکمرانوں کو اب اپنی آنکھیں کھولنی ہوں گی اور تاریخ سے سبق سیکھنا ہوگا کہ امریکہ کسی کا مستقل دوست نہیں بلکہ اپنے مفادات کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر کی جانب سے اعلانیہ ”گریٹر اسرائیل“ کے منصوبے کی حمایت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خطے کی جغرافیائی ہیئت تبدیل کرنے اور مسلم دنیا کو کمزور کرنے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ایسے میں پاکستانی حکمرانوں کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور قومی خودمختاری کو ہر بیرونی دباﺅ پر مقدم رکھنا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کو یقینی بنائیں، کیونکہ اس جنگ میں ہمسایہ ممالک کو الجھانے والی قوتیں درحقیقت بیرونی مفادات کی تکمیل چاہتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں