جنگ کے آٹھویں روز اسرائیل اور امریکی تنصیبات پر ایران کے حملے، تل ابیب میں متعدد عمارتیں تباہ
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا ایران جنگ کا آٹھواں روز، ایران کی جانب سے مختلف ممالک میں حملوں اور جوابی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق آپریشن وعدہ صادق چہارم کے تحت اسرائیل پر ،حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز بھی اسرائیلی شہروں میں دھماکوں اور سائرن کی آوازیں سنائی دیتی رہیں جبکہ تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس کے قریب بیت شمیش کے علاقے میں کئی عمارتیں شدید نقصان کا شکار ہوئیں اور بعض عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ اسی دوران عراق اور سعودی عرب میں امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کی اطلاعات ہیں۔ ایران کی جانب سے بغداد ایئرپورٹ کے قریب واقع امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ بصرہ اور اربیل میں امریکی کمپنیوں کے دفاتر اور گوداموں کو بھی ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی۔ اربیل میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال ایک ہوٹل پر بھی ڈرون گرنے کی اطلاع ملی ہے۔


