کوئٹہ میں پنشنرز کو بائیو میٹرک میں مشکلات کا سامنا، تصدیق کیلئے اضافی فیس وصول کی جانے لگی

کوئٹہ (صباح نیوز) پنشنرز کو بائیو میٹرک تصدیق کے لیے مشکلات، نجی بینک کی جانب سے پنشنرز کو نجی مراکز بھجوایا جانے لگا، اضافی فیس وصولی۔ کوئٹہ میں پنشن حاصل کرنے والے بزرگ شہریوں کو بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پنشنرز کے مطابق ہر چھ ماہ بعد بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہونے کے باوجود متعلقہ بینک میں بائیو میٹرک سسٹم کی خرابی کا جواز پیش کر کے انہیں دوسرے مراکز سے بائیو میٹرک کروانے کا کہا جارہا ہے۔ متاثرہ پنشنرز کا کہنا ہے کہ بینک عملہ انہیں بتاتا ہے کہ برانچ کا بائیو میٹرک سسٹم درست طریقے سے کام نہیں کررہا، اس لیے وہ قریبی نجی دکانوں یا فرنچائزز سے بائیو میٹرک تصدیق کروائیں۔ جناح روڈ اور اطراف میں قائم مختلف نجی سروس مراکز میں پنشنرز سے بائیو میٹرک تصدیق کے عوض 200 سے 300 روپے تک فیس وصول کی جارہی ہے۔ بزرگ پنشنرز نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ تر پنشنرز ضعیف العمر ہوتے ہیں اور پہلے ہی مہنگائی اور محدود آمدنی کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں بائیو میٹرک تصدیق کے نام پر اضافی اخراجات ان کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بینک برانچ میں بائیو میٹرک سہولت فراہم نہیں کی جاسکتی تو متعلقہ حکام کو فوری طور پر اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں