پیپلز پارٹی نے این اے 256خضدار سے بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑنے پر پارٹی رہنما آغا شکیل درانی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا
کوئٹہ(این این آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان نے حلقہ این اے 256 سے بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑنے پر پارٹی کے رہنما آغا شکیل درانی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن میں وضاحت طلب کر لی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری ربانی خان کاکڑ کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آغا شکیل درانی پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر میر شفیق الرحمن مینگل کے مقابلے میں آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، جو پارٹی نظم و ضبط اور آئین کے خلاف اقدام ہے۔ نوٹس کے مطابق پارٹی ایک منظم سیاسی جماعت ہے اور کسی بھی رکن کو پارٹی امیدوار کے خلاف انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ آغا شکیل درانی تین دن کے اندر اندر تحریری طور پر وضاحت پیش کریں کہ ان کے خلاف پارٹی قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کیوں نہ کی جائے۔پارٹی قیادت نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں پارٹی رکنیت کی معطلی یا اخراج بھی شامل ہو سکتا ہے۔


