قبائلی و علاقائی جھگڑوں کوختم کرنے کیلئے جرگہ سسٹم آج بھی ایک موثر ذریعہ ہے، گورنربلوچستان
کوئٹہ (آن لائن) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مختلف قبائل کو آپس میں شیر و شکر کرنے اور علاقائی جھگڑوں کے خاتمے کیلئے ہمارا شاندار قومی جرگہ سسٹم آج بھی بہت موثر اور معتبر ذریعہ ہے۔ یہ وقت مختلف اقوام اور قبائل کے درمیان افہام و تفہیم پیدا کرنے اور عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ہے کیونکہ بحیثیت قوم ہم مزید نفرتوں، قبائلی دشمنیوں اور علاقائی تنازعات کا متحمل نہیں ہو سکتے لہذا ضروری ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ علاقے کے سیاسی اکابرین، دینی علما کرام اور مشائخ عظام کو ہر قسم کے علاقائی تنازعات اور قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ عبداللہ اور ڈسٹرکٹ پشین میں مختلف سیاسی، مذہبی اور قبائلی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔ آمن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگئی میں قبائلی شخصیت حاجی محمد عمرخان ترین کی رہائشگاہ پر انکے بھائی حاجی محمد طاہرخان ترین سمیت علی محمد پہلوان اور حاجی عبدالروف خان ترین سیگئی سے انکے فرزند شہید اسلم خان ترین کی شہادت پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کی مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لواحقین کو صبر وجمیل عطا کرنے کی دعا کی۔ گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل کے ہمراہ صوبائی وزیر میرعاصم کرد گیلو، قبائلی رہنما ملک سعداللہ جان ترین، ملک نعمت اللہ خان سیگئی، ملک محب اللہ خان ترین اور حاجی قطب الدین اغا تھے۔ گورنر بلوچستان نے سیگئی میں گزشتہ روز مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار نقیب اللہ ترین کی شہادت پر بھی گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا، اور ان کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ مسلح افراد کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہید پولیس اہلکار کے بیٹے کو ملازمت دی جائیگی۔ بعدازاں گورنربلوچستان نے ضلع پشین کے علاقے یارو میں مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے باپ اور بیٹی سمیت تین افراد کی شہادت پر ان کے لواحقین سے بھی تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی۔


