قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان سے پھل خریدنے بلوچستان جانے والے پنجاب کے پانچ تاجر اغوا
قلعہ عبداللہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہپاکستان کے صوبے بلوچستان سے، صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیر کی شب قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے گردی پنکئی میں پیش آیا، جہاں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ تاجر ایک مقامی کھیت میں خربوزے لوڈ کرنے کے لیے پہنچے تھے۔ اس دوران اچانک پانچ مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر نمودار ہوئے اور پانچوں افراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ اغوا ہونے والے افراد کے نام انعام رضا، باقر حسین، محمد عدنان، محمد شہزاد اور محمد اذان بتائے گئے ہیں۔ ان کا تعلق گوپانگ بلوچ قبیلے سے ہے اور وہ ضلع ڈیرہ غازی خان کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں۔ واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آ سکی ہیں ، تاہم ذرائع سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں ۔ اس سے قبل بھی بعض عناصر کی جانب سے بلوچستان میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں ہوتی رہی ہیں، جن میں چند واقعات کے دوران شناختی کارڈ چیک کر کے پنجاب کے لوگوں کو نشانہ بنانے اور قتل کرنے جیسے واقعات سامنے آئے ہیں۔


