دکی، لونی کے کلی بختیار میں فائرنگ کے تبادلے میں دو مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ڈی آئی جی لورالائی
دکی (یو این اے) ڈی آئی جی لورالائی کا کہنا ہے کہ لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں پولیس اور انسدادِ دہشت گردی فورس (ATF) نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ثنا اللہ ولد ہیبت مری اور جمال خان ولد دولت عرف دولے مری کے نام سے ہوئی ہے، جو سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں اے ٹی ایف کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشت گرد ماہِ رمضان کے دوران ایف سی پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے، جس میں 5 اہلکار شہید ہوئے تھے۔ فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی لورالائی نے اس کامیاب اور بروقت کارروائی پر پولیس اور اے ٹی ایف کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔


