کل سے کوئلے کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا، دکی ٹرک ٹرانسپورٹ یونین

دکی (آن لائن) دکی ٹرک ٹرانسپورٹ یونین کے ضلعی صدر رضا محمد ناصر، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی جلات خان ناصر اور دیگر رہنماﺅں نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کل سے کوئلے کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پیٹی ٹھیکیداران ایسوسی ایشن کے ساتھ گزشتہ کئی روز سے جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ فریقین کے درمیان دکی کے علاقے رکنی میں جلائے گئے ٹرک کے معاوضے کی ادائیگی پر اتفاق ہوا ہے۔ معاہدے کے مطابق معاوضے کی مکمل ادائیگی تک باب دکی کے مقام پر تمام پیٹی ٹھیکیداران فی ٹن دو سو روپے معاوضہ فنڈ میں جمع کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں دو ارکان پیٹی ٹھیکیداران ایسوسی ایشن اور دو ارکان ٹرک ٹرانسپورٹ یونین کے شامل ہوں گے، جو فنڈ کی نگرانی اور معاوضے کی ادائیگی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔یونین رہنماﺅں نے کہا کہ گزشتہ چند روز کی ہڑتال کے باعث کول مائنز اور کوئلہ انڈسٹری کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، تاہم وہ کسی صورت کوئلہ انڈسٹری کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال مجبوری کے تحت کی گئی تھی کیونکہ ٹرانسپورٹرز کے ٹرک آئے روز مختلف شاہراہوں پر نذرِ آتش کیے جاتے ہیں جبکہ ایک ٹرک کی مالیت کروڑوں روپے ہوتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاہدے پر عملدرآمد سے ٹرانسپورٹرز کے تحفظات دور ہوں گے اور کوئلے کی ترسیل کا نظام معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں