گرینڈالائنس کے ملازمین کیساتھ حکمرانوں کادہشت گردوں جیسا سلوک کسی طورقابل قبول نہیں، مولانا ہدایت الرحمن
کوئٹہ(این این آئی)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اساتذئے کرام گرینڈالائنس کے ملازمین پرتشدد،لاٹھی چارج گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی گرینڈ الائنس کے صدر پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ و دیگر ملازمین کی گرفتاری،شیلنگ اور انہیں جمہوری و آئینی حق سے محروم کرنے کی مذمت کرتی ہے حکومتی سطح پر سادگی قناعت وبچت کے بجائے شاہ خرچیوں،تنخواہوں ومراعات میں اضافہ کے بجائے قوم کے معمار اساتذہ کرام و دیگر ملازمین کو ریلیف دیں۔گرینڈالائنس کے ملازمین کیساتھ حکمرانوں کادہشت گردوں جیسا سلوک کسی طورقابل قبول نہیں۔ٹیچرزمجرمین،چور،لٹیرے،ڈاکونہیں،بدترین مہنگائی کے اس طوفان میں اپنے جائز حقوق اور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کوئی جرم نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنے مراعات،پروٹوکول اور اخراجات بڑھاتے ہیں تو خزانہ خالی نہیں ہوتا،لیکن جب اساتذہ، ملازمین اور محنت کش اپنے حق کی بات کرتے ہیں تو ان کے لیے لاٹھیاں،گرفتاریاں اور سڑکوں پر ذلت مقدر بنا دی جاتی ہے۔جائز مطالبات،مسائل مشکلات کا حل جبر، تشدد اور طاقت کا استعمال نہیں۔اقتدار، کرسی،پروٹوکول اور اختیارات ہمیشہ نہیں یہ عارضی ہوتے ہیں۔ آج جو طاقت کے نشے میں عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہے ہیں، کل انہیں بھی عوامی عدالت اور تاریخ کے فیصلے کا سامنا کرنا ہوگا۔استاد کو گھسیٹنا صرف ایک فرد کی تذلیل نہیں، بلکہ علم، قلم اور تعلیم کی بے حرمتی ہے۔ اگر ایک پروفیسر اپنے حق کے لیے بھی محفوظ نہیں تو پھر عام شہری سے انصاف کی امید کیسے کی جا سکتی ہے؟جماعت اسلامی گرینڈالائنس واساتذئے کرام کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے حکومت گرفتار ملازمین واساتزئے کوفوری رہاجائزمطالبات تسلیم کریں۔


